کراچی (پاک ترک نیوز)
ملک میں ڈالر کی پاکستانی روپے کے مقابلے میں قیمت کم ہونے کے بعد ٹویوٹاانڈس موٹرز نے اپنی مختلف ماڈل کی گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔جس کا اطلاق 15اگست سے ہوگا۔
ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی کی اعلان کردہ نئی قیمتوں کے مطابق ٹویوٹا نے اپنی مختلف ماڈل کی قیمتوں میں دو لاکھ 60 ہزار فی یونٹ سے 11 لاکھ 40 ہزار روپے فی یونٹس تک کمی کی ہے۔ ٹویوٹا فارچونر ماڈل کی مختلف ویریئنٹ کی قیمتوں میں 9 لاکھ 10 ہزار سے لے کر 11 لاکھ 40 ہزار تک کی کمی کی گئی ہے۔ٹویوٹا کے ہائی لکس ریو کے ماڈل کی مختلف ویریئنٹ کی قیمتوں میں چھ لاکھ 50 ہزار سے لے کر 8 لاکھ 20 ہزار تک کی کمی کی گئی ہے۔ٹویوٹا یارس ماڈل کی مختلف ویریئنٹ کی قیمتوں میں دو لاکھ 60 ہزار سے لے کر 3 لاکھ 10 ہزار تک کمی کی گئی ہے۔جبکہ کمپنی نے ٹویوٹا کرولا ماڈل کی مختلف ویریئنٹ کی قیمتوں میں تین لاکھ 30 ہزار سے لے کر چار لاکھ 40 ہزار تک کمی کی ہے۔
یاد رہے کہ ٹویوٹا انڈس موٹرز نےپاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد29 جولائی کو اپنی تمام گاڑیوں کے ماڈل کی قیمتوں میں 7لاکھ60ہزار روپے سے لیکر 31لاکھ 60ہزار روپے کا اضافہ کر دیا تھا۔اس ضمن میں کار ڈیلرز کاکہنا ہے کہ ٹویوٹا کی جانب سے اپنی گاڑیون کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ بھی انتہائی زیادہ اورغیر حقیقی تھا اور اب کمی بھی انتہائی کم ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ملک میں تمام برانڈ کی نئی گاڑیوں کی فروخت میں 20فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔