اسلام آباد(پاک ترک نیوز) الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کا 100یونٹ تک بجلی مفت دینے کا روشن گھرانا پروگرام 17جولائی تک معطل کردیا ۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے جوا سکیم متعارف کرائی وہ الیکشن کے بعد بھی ہوسکتی تھی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں 100یونٹ تک مفت بجلی دینے کا روشن گھرانا پروگرام کے نوٹس پر سماعت ہوئی، جس میں الیکشن کمیشن نے 17 جولائی کو ضمنی الیکشن تک پنجاب حکومت کا روشن گھرانہ پروگرام معطل کردیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے وکیل خالد اسحاق الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے بعد بے شک یہ پروگرام شروع کردیا جائے، ہم نے آپ کو سن لیا، یہ انتخابات شفاف ہوں گے، الیکشن کمیشن کو آرمی، رینجرز اور پولیس کی معاونت حاصل ہے، پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات نہایت اہمیت کے حامل ہیں، ان نتائج کا براہ راست پنجاب حکومت سے تعلق ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرادیا گیا، وکیل خالد اسحاق نے کہا کہ جس پروگرام کا اعلان ہوا اس کا تعلق صرف ان حلقوں سے نہیں ہے، پنجاب کے 90 لاکھ لوگ پروگرام سے مستفید ہوں گے، یہ 100 بلین روپے بجٹ میں مختص ہوئے ہیں، سیاسی فائدہ لینا ہمارا مقصد نہیں ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر بجٹ میں رکھا تھا تو الگ سے اعلان اور پریس کانفرنس کی کیا ضرورت تھی؟ ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے جوا سکیم متعارف کرائی وہ الیکشن کے بعد بھی ہوسکتی تھی۔