دبئی(پاک ترک نیوز)ایشیا کپ کا کل سے آغاز ہو گا ۔ افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ افغانستان سے ہو گا جبکہ پاک بھارت ٹاکرا اتوار کو ہو گا ۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا پہلا میچ افغانستان اور سری لنکا کے درمیان کل دبئی میں کھیلاجائے گا جبکہ ایونٹ کا بڑ ا میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کو ہو گا ۔
بڑے میچ کیلئے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری کی ہے ۔ شاہینوں نے بائولنگ بیٹنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں کیں۔پاکستان کے فاسٹ بائولر شاہین آفریدی کے بعد محمد وسیم بھی انجری کا شکار ہو گئے ہیں ۔تاہم قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ روایتی حریف کو زیر کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔
ایشیا کرکٹ کپ کیلئے متحدہ عرب امارات میں موجود ٹیموں کے کھلاڑیوں کی آپس میں ملاقاتیں ہورہی ہیں۔ایونٹ کیلئے پاکستان ٹیم کو شاہین آفریدی کی خدمات حاصل نہیں تاہم وہ ری ہیب کیلئے ٹیم کے ساتھ ہیں۔
اس سے قبل انجری کا شکار قومی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی سے ویرات کوہلی سمیت بھارتی کھلاڑیوں نے ملاقات کی ۔ بھارتی کھلاڑیوں نے قومی پیسر کی خیریت دریافت کی۔ویرات کوہلی، شریاس ایئر، یوزویندرا چاہال، رشبھ پنٹ اور کے ایل راہول نے شاہین آفریدی سے ملاقات کر کے ان سے فٹنس کا پوچھا اور جلد واپسی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران شاہین آفریدی جب آرام کر رہے تھے تو انڈین ٹیم کے کھلاڑی ان سے ملنے آگئے، بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے انجری کا شکار فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کے درمیان بھی خوشگوار ملاقات رہی، گزشتہ روز بابر اعظم اور کوہلی کی ملاقات کو بھی دنیا بھر کے کرکٹ فینز نے سراہا تھا۔
یاد رہے کہ ایشیا کا کل سے آغاز ہو گا ۔ پاکستان روایتی حریف بھارت کیخلاف اتوار 28اگست کو میدان میں اترے گا۔