استنبول (پاک ترک نیوز) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے حکم جاری کیا ہے کہ فلم اور ٹی وی پروگراموںمیں ترکی کی "بنیادی اقدار” کے منافی مواد کو شامل نہ کیا جائے اور جو فرد یا ادارہ ایسا کر رہا ہے اسکے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔
ترک صدر نےیہ احکامات دو روز قبل جاری کئے تھے جو گذشتہ روز سرکاری گزٹ پر شائع کیے گئے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد غیر ملکی مواد کے ساتھ ٹیلی ویژن پروگراموں کے نقصان دہ اثرات کو ختم کرنا ہے جنہیں ترک زبان میں ڈب کرنے کے بعد دکھایا جاتا ہے۔ اور ساتھ ہی ترک ثقافت کا تحفظ کرنا ہے۔
سرکلر کے مطابق نئےترک قوانین کے ذریعے خاندان، بچوں اور نوجوانوں پر منفی اثر ڈالنے والی پروڈکشنز کے خلاف تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔ بچوں اور نوجوانوں کو "مخصوص علامتوں کے ذریعے بھیجے جانے والے پیغامات” سےبھی محفوظ رکھا جائے گا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ترکی کے میڈیا پر نظر رکھنے والے ادارے،سپریم کونسل آف ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن کے پاس پہلے ہی وسیع اختیارات ہیں، اور وہ میڈیا کو نامناسب مواد دکھانے پر جرمانہ کر سکتا ہے یا ان ٹیلی ویژن چینلز کے لیے عارضی بلیک آؤٹ کا حکم دے سکتا ہے جو زیادہ تر ترک اقدار کی خلاف ورزی کرتے ہیں یا حکومت پر غیر منطقی تنقید کرتے ہیں۔