راولپنڈی(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کیخلاف تحریک انصاف کا راولپنڈی میں دھرنا چوتھے روز میں داخل ہو گیا ۔ کارکنوں نے مری روڈ سمیت 5اہم شاہراہوں پر احتجاجی کیمپ لگا رکھے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے راولپنڈی مری روڈ سمیت 5 اہم شاہراہوں پر احتجاجی کیمپ قائم کررکھے ہیں، شاہراہ شمس آباد سے مکمل بند ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں تعلیمی ادارے آج تیسرے روز بھی بند ہیں، مری روڈ سے اسلام آباد جانے والے شہریوں کو زحمت کا سامنا ہے جب کہ دفاتر اور دیگر منزلوں پر جانب والے افراد بڑی تعداد میں رش میں پھنسے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے آج جمعرات کو کھلے رہیں گے جبکہ وفاقی دارالحکومت کی حدود میں تمام سڑکیں کھلی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی ادارے کھلے رکھنے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مری روڈ بوجہ احتجاج شمس آباد اسٹاپ کے قریب ڈائیورژن ہے۔متبادل کے طور پر، سید پور روڈ، کمرشل مارکیٹ کری روڈ استعمال کیا جا سکتا ہے، اولڈ ائرپورٹ روڈ دونوں جانب سے ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق مین پشاور روڈ اور مال روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھلا ہے، تاہم آئی جے پی روڈ اسلام آباد کی جانب ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔متبادل کے طور پر مین پشاور روڈ، ویسٹریج، چوہڑ چوک، ماربل فیکٹری روڈ، گولڑہ موڑ، سری نگر ہائی وے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں جہلم روڈسوان پل کے قریب ایس او ایس کے پاس کچہری کی جانب سڑک بند ہے ۔سواں پل سے کچہری کی جانب دو طرفہ ٹریفک چلائی جا رہی ہے۔ جی ٹی روڈ ٹیکسلا نزد بائی پاس چوک اور مارگلہ ہلز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ متبادل کے طور پرموٹر وے ایم ون کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔