پاکستانیوں نے 2022میں گوگل پرمتنوع مواد سرچ کیا

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
گوگل نے پاکستان میں 2022 کے دوران سب سے زیادہ سرچ کیے گئے موضوعات، شخصیات اور مواقع کی فہرست جاری کی ہے۔
گوگل کے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق سال بھر کے دوران پاکستانیوں کی جانب سے سرچ انجن پر متنوع مواد سرچ کیا گیا جس میں سیاست، مشہور شخصیات، سرکاری اقدامات، اہم تقریبات، تفریح، ٹیکنالوجی اورکھانوں کی ترکیبیں اہم رہے۔
رواں برس کے دوران ٹی20 کا عالمی کپ، ایشیا کپ 2022 اور پی ایس ایل 7 سمیت کرکٹ کے حوالے سے تلاش کے رجحان میں تیزی رہی۔ یہ تینوں موضوعات ٹاپ سرچز میں سب سے اوپر کی پوزیشنز پر رہے۔

ملک کی معیشت، سیلاب، مہنگائی، سرکاری اقدامات اور احساس پروگرام جیسی مالی امداد کی سکیموں کی تلاش بھی نمایاں رہی۔
ملکہ ایلزبتھ دوم، عامر لیاقت حسین اور صحافی ارشد شریف سے متعلق سرچز نے بھی اِس فہرست میں جگہ بنائی۔
2022 میں پاکستانی فلمیں بھی خبروں پر چھائی رہیں۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ فلموں اور ٹی وی دونوں شعبوں میں سرفہرست رہی۔ اِس کے بعد لندن نہیں جاؤں گا اور قائد اعظم زندہ باد جیسی فلمیں رہیں۔
پاکستانیوں کی ہالی ووڈ کی فلموں میں دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ مس مارویل، بلیک ایڈم اور ڈاکٹر سٹرینج جیسی فلمیں بھی سب سے زیادہ سرچ کیے گئے پانچ نتائج میں شامل رہیں۔
گزشتہ برس پاکستانیوں نے زیادہ تر سیاست دانوں اور کھلاڑیوں کو تلاش کیا۔ ایشیا کپ اور ٹی20 عالمی کپ میں اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے نسیم شاہ اِس کیٹیگری میں سرفہرست رہے۔
اِس کے علاوہ ملک کی سیاسی صورت حال کے سبب لوگوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو بھی تلاش کیا۔ علاوہ ازیں مشہور پاکستانی کرکٹرز مثلاً افتخار احمد، شاداب خان اور محمد رضوان نے بھی بالترتیب اس فہرست میں اپنی جگہ بنائی۔
2022 ٹیکنالوجی کی زمرے میں مقبول ترین سرچز میں آئی فون، سام سنگ، اوپواور رئیل می سمیت مختلف ماڈلز کے موبائل فونز سرفہرست رہے۔
کووِڈ- 19کی پابندیوں میں نرمی کے بعد پاکستان میں لوگوں نے تمام بڑے تہوار جوش و جذبے سے منائے اور مختلف اقسام کے کھانوں کے علاوہ پکانے کی نت نئی ترکیبیں تلاش کرنے کے لیے بھی گوگل کا رْخ کیا۔ کھانوں سے متعلق تلاش کے نتائج خصوصاً دیسی کھانوں میں پاکستانیوں کی رغبت واضح رہی۔
پاکستانیوں نے تازہ ترین مقامی اور بین الاقوامی خبروں کے لیے بھی گوگل کا استعمال کیا۔ عامر لیاقت حسین کی موت سب سے زیادہ سرچ کی گئی خبروں میں نمایاں رہی۔ اس کے علاوہ مری کے افسوسناک حادثہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں خبروں میں بھی خاصی دلچسپی لی گئی۔ پاکستانی انٹرنیٹ صارفین نے روس-یوکرائن تنازع سمیت دنیا بھر میں ہونے والے مختلف واقعات میں بھی دلچسپی لی۔

#internet#intertainment#PakTurkNews#search#searchengine#showbiz#websitesGooglePakistan