اسلام آباد(پاک ترک نیوز) امریکا ، یورپ اور ایشیا کے کچھ ممالک کی جانب سے چین میں جاری سرمائی اولمپکس کے بائیکاٹ نے پاکستان کے لیے نئی راہیں کھول دی ہیں ۔
وزیراعظم عمرا ن خان نے چین کے دورے سے پہلے ہی انسانی حقوق کی آڑ میں سرمائی اولمپکس کے بائیکاٹ کو یکسر مسترد کردیا اور اپنے آہنی برادر چین کے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوگیا۔
پاکستان نے چینی کمپنیوں کے ملازمین کی مکمل سیکیورٹی اور سی پیک پر کام کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے ۔
پاکستان اور چین کے تعلقات اور عالمی امور کے ماہرین کے نزدیک وزیراعظم عمران خان بظاہر سرمائی اولمپکس کے سلسلے میں ہونے والے دورے کو سی پیک کے لیے بھی استعمال میں لائے گااور دورے کے دوران پاکستان میں چینی صنعتوں اور ٹیکنالوجی کی جلدازجلد منتقلی کے لیے پلگ اینڈ پلے ماڈل پلان کو حتمی شکل دی جائے گی ۔
پلگ اینڈ پلے ماڈل پلان کے ذریعے چینی ٹیکنالوجی کو پاکستان میں منتقل کیا جائے گا جس سے چینی کمپنیوں کو سستی لیبر مل سکے گی جبکہ پاکستانیوں کو روزگار ، ٹیکنالوجی اور ترقی کے وسیع مواقع میسر آئیں گے ۔