اسلام آباد (پاک ترک نیوز) پاک فضائیہ کی آپریشنل کارکردگی اور بھارتی رافیل کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان نے جے10سی طیارے چین سے خرید لئے ہیں۔سٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس یہ طیارے 24 گھنٹوں میں ملکی فضائی حدود میں داخل ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے چین سے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس جے 10 طیارے خریدے کی اطلاعات سامنے آگئی ہیں۔ طیارے ففتھ جنریشن کے ملٹی رول کامبیٹ فائٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان 11 مارچ کو کامرہ ایئر بیس پر طیاروں کا افتتاح کریں گے۔
اس موقع پر طیاروں کی سکواڈرن کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 36 طیارے پاکستان آئیں گے جس میں 18 طیاروں پر مشتمل دو سکواڈرن ہوں گے، تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہ ہوسکی۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے رواں برس 23 مارچ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی یوم پاکستان کی پریڈ کے موقع پر چینی ساختہ لڑاکا طیاروں جے-10 سی کے اسکواڈرن کی نمائش (فلائی پاسٹ) کا اعلان کیا تھا۔
جے-10 لڑاکا طیارے سمندری یا آبی سرحدوں کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان طیاروں کے حصول سے بحیرۂ عرب میں پاکستانی بحریہ کی موجودگی بڑھ جائے گی۔
گزشتہ برس مختلف حلقوں کی جانب سے چین سے طیاروں کے 2 اسکواڈرن خریدنے کے معاہدوں کی اطلاعات منظر عام پر آئی تھیں۔
ماہرین کے مطابق جے-10 بحری جہاز تباہ کرنے والے موثر میزائلوں سے لیس ہوتے ہیں۔ جے-10 بنیادی طور پر لڑاکا طیارہ ہے جو حملے کی کارروائیوں میں استعمال ہو سکتا ہے۔