گلگت بلتستان کا ضلع گھانچے: 15 سال میں قتل کی کوئی واردات نہیں ہوئی

پاکستان کے شمالی پہاڑی علاقے گلگت بلتستان کا ضلع گھانچے ملک کا سب سے پُرسکون اور پُر امن شہر ہے۔ یہاں گذشتہ دس سال میں کوئی بڑا جرم نہیں ہوا۔ پچھلے 15 سال میں گھانچے میں قتل کی کوئی واردات نہیں ہوئی۔

اپنے قدرتی حسن اور دلکشی میں بے مثال پاکستان کے صوبے گلگت بلتستان کا ضلع گھانچے دنیا کے بلند ترین پہاڑوں میں گِھرا ہوا ہے۔

اس کے ایک طرف بھارت اور دوسری چین سے سرحد ملتی ہے۔ پاکستانی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر گوما میں موجود ہے جو ضلع گھانچے کا حصہ ہے۔ پاکستانی فوج کا گیاری سیکٹر بٹالین ہیڈکوارٹر یہاں سے 32 کلو میٹر دور ہے جو سیاچین گلیشئر کے قریب ہے۔

ضلع گھانچے کے سپریٹنڈنٹ پولیس جان محمد نے بتایا کہ گلگت بلتستان کا یہ شہر ملک کا پُر امن ترین علاقہ ہے۔ یہاں کئی سال سے قتل اور ڈکیتی کی کوئی واردات نہیں ہوئی۔ مقامی لوگ پرامن ہیں اور کبھی کسی سیاح یا مقامی شخص نے چوری یا ڈکیتی کی کوئی ایف آئی آر درج نہیں کروائی۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق 2020 میں معمولی نوعیت کی صرف 34 شکایات گھانچے پولیس میں درج ہوئیں۔ رواں سال اب تک صرف 3 شکایات پولیس کو موصول ہوئی ہیں۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا میں سفری پابندیوں کے باوجود گھانچے میں مقامی اور غیر ملکی سیاح آ رہے ہیں کیونکہ یہ پاکستان کا سب سے خوبصورت اور سب سے پُر امن شہر ہے۔

یہاں سیاح اپنی گاڑیاں اور ہوٹل کے کمروں کو تالے نہیں لگاتے کیونکہ یہاں چوری اور لوٹ مار کی وارداتیں نہیں ہوتیں۔

پاکستان کا پُرامن شہرپاکستان میں امنپاکستان میں دہشت گردیپاکستان میں سیاحت