10 ماہ میں ایک کروڑ سے زائد غیر ملکی سیاحوں کی ترکی آمد

رواں سال کے پہلے 10 ماہ میں ترکی نے ایک کروڑ 12 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کی میزبانی کی۔
ترک وزارت سیاحت کے مطابق کوروبا وائرس کی عالمی وبا اور لاک ڈاوٗن کے باعث گذشتہ سال کے مقابلے میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں 72 فیصد کمی آئی ہے۔
اس سال اگست سے اکتوبر کے تین ماہ میں 57 لاکھ غیر ملکی سیاح ترکی آئے۔ اپریل اور مئی میں جب کورونا وائرس کی وبا عروج پر تھی اس وقت صرف 50 ہزار سیاح ہی ترکی آ پائے تھے۔
استنبول غیر ملکی سیاحوں کے لئے پُرکشش مرکز رہا۔ مجموعی سیاحوں میں سے 37 فیصد غیر ملکی سیاحوں نے استنبول کی سیر کو ترجیح دی۔ ان دس ماہ میں 41 لاکھ 50 ہزار سیاح استنبول آئے۔
31 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کی آمد سے انطالیہ دوسرے نمبر پر رہا۔ بلغاریہ اور یونان سے ملنے والی سرحد کے ساتھ صوبہ ایدرین سیاحت میں تیسرے نمبر پر رہا۔
غیر ملکی سیاحوں میں سے 85 لاکھ سیاح ہوائی جہاز، 25 لاکھ موٹر ویز، ڈیڑھ لاکھ سمندری راستے اور ایک لاکھ 62 ہزار سیاح ریلویز کے ذریعے ترکی آئے۔
غیر ملکی سیاحوں میں 19 لاکھ روسی، 10 لاکھ جرمن اور 9 لاکھ 97 ہزار بلغاریہ کے شہری تھے۔
اکتوبر میں 17 لاکھ 40 ہزار غیر ملکی سیاح ترکی آئے جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 60 فیصد کم تھے۔
2019 میں ساڑھے چار کروڑ غیر ملکی سیاحوں نے ترکی کی سیر کی تھی جبکہ 2018 میں یہ تعداد 3 کروڑ 95 لاکھ تھی۔