کراچی (پاک ترک نیوز) ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کا دوسرا جہاز پی این ایس معاون تقریباً 500 ٹن امدادی سامان لیکر ترکیہ کی بندرگاہ مرسین پہنچ گیا۔
حکومت پاکستان کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امداد کی دوسری بڑی کھیپ پہنچ گئی۔
پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امدادی سامان میں زلزلہ متاثرین کیلئے موسم سرما کے خیمے، کمبل اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔پاک بحریہ کے دونوں جہازوں نے مجموعی طور پر تقریباً 1500 ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام پہنچایا۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پی این ایس معاون پر یوم پاکستان کی سادہ اور پروقار تقریب کا اہتمام زلزلہ متاثرین کے ساتھ اظہاریکجہتی کے طور پر کیا گیا۔تقریب میں ترکیہ کے وزیر دفاع، مرسین کے گورنر، پاکستانی سفیر اور دیگر اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
ترک وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی حکومت اور عوام امدادی سامان کی فراہمی پر حکومت پاکستان کی مشکور ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پی این ایس معاون ترکیہ میں امدادی سامان کی ترسیل کے بعد شام کیلئے روانہ ہوگا۔