لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا ۔ امریکی سفیر نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ وفد میں امریکی سفارتخانے کے اعلی عہدیداران شاملل تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پنجاب کے سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورسے ملاقات کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کی ورکنگ بارے بریفنگ دی اور شہداء وال سمیت سی پی او کے مختلف حصوں کا دورہ کروایا۔ملاقات میں پولیسنگ کے حوالے سے دو طرفہ امور اور جدید تربیت کے حوالے سے تعاون میں فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی جی آفس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کسی بھی امریکی سفیر کا سینٹرل پولیس آفس کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اور اس دورے میں امریکی سفیر کے ساتھ امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز، اکنامکس آفیسر ڈگلس جونسٹن، سکیورٹی اتاشی مائیک ڈائمنڈ، سکیورٹی ایڈوائزر صفدر علی راؤ تھے۔‘
پریس ریلیز کے مطابق ’اس ملاقات میں پنجاب پولیس اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ سکیورٹی امور میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔‘
دو گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات کے بیان میں کہا گیا کہ ’امریکی سفیر نے دہشت گردی، مذہبی انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد میں پنجاب پولیس کی قربانیوں، کردار اور کامیابیوں کو سراہا۔جبکہ پنجاب پولیس اور امریکی سکیورٹی اداروں کے مابین دہشت گردی و شدت پسندی کے تدارک کے لیے ورکنگ ریلشن شپ بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے امریکہ کے سکیورٹی ٹریننگ پروگرامز میں پنجاب پولیس کے نوجوان افسران کی نمائندگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسی ملاقات میں امریکی سفیر اور آئی جی پنجاب نے ڈویژنل پولیس ہیڈ کوارٹرز میں فارنزک لیبز کے سیٹلائٹ یونٹ کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو سینٹرل پولیس آفس کی شہدا اور غازی والز کا وزٹ کروایا۔ سی پی او میوزیم میں انہیں پولیس سے متعلقہ تاریخی نوادرات بھی دکھائی گئیں۔پولیس کے زِیراستعمال سنٹرل پولیس ڈیش بورڈ کی ورکنگ اور پولیس مانیٹرنگ سسٹم کا دورہ بھی کروایا گیا۔
اس طویل پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے امریکی سفیر کو یہ باور بھی کروایا ہے کہ پولیس کی امریکی شہریوں، سرمایہ کاروں اور ماہرین کی فول پروف سکیورٹی اولین ترجیح ہے۔
امریکی سفیر کو یہ بھی بتایا گیا کہ شہریوں کو خدمات کی بہتر فراہمی کے لیے آئی ٹی اصلاحات اور سیف سٹیز کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے۔