بابراعظم پہلی بار ٹیسٹ میں رواں برس ایک بھی نصف سنچری نہ بنا سکے

لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم پہلی بار ایک سال کے دوران ایک بھی نصف سنچری نہ بنا سکے ۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں بابراعظم ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے، انہوں نے 7 گیندوں کا سامنا کیا اور محض ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سابق کپتان کو ایک موقع ضرور ملے گا۔
بابراعظم کیلئے سال 2023 میں 8 ٹیسٹ میچز کی اننگز میں ایک مرتبہ بھی 50 کا ہندسہ عبور نہیں کرسکے ہیں۔
پاکستان نے رواں برس محض 5 ٹیسٹ میچز کھیلے، جس میں گرین شرٹس کا پہلا مقابلہ نیوزی لینڈ کیخلاف تھا، اس میں بابر دو اننگز میں 24 اور 27 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
جولائی 2023 میں، پاکستان نے 2 میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے سری لنکا کا دورہ کیا، سیریز پاکستان کے نام رہی لیکن بابراعظم کا بیٹ یہاں بھی خاموش رہا۔
بابر اعظم نے پہلے ٹیسٹ میں 13 اور 24 رنز بنائے جبکہ دوسرے ٹیسٹ کے دوران ایک اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے 39 رنز کا حصہ ڈالا۔
اسی طرح دورہ آسٹریلیا کے دوران پرتھ ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں 21 اور 14 رنز بنائے تھے جبکہ میلبرن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں وہ صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔

#babaraza#boxingdaymatch#PakTurkNews#pakvsaus#testmatch