گورنر نے دستخط کردیئے ،خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل

 

پشاور(پاک ترک نیوز) گورنر خیبر پختونخوا نے وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردئیے ہیں۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی سمری گورنر کو ارسال کی تھی۔گورنر کی جانب سے سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی ہے تاہم محمود خان نگران وزیراعلیٰ کے تقرر تک اپنا کام جاری رکھیں گے۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ ملکی مفاد میں خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کیا ہے، عام انتخابات میں ملک میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے۔
گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ 1973 کے آئین کےآرٹیکل 112 کی شق (1) کے تحت کے پی اسمبلی تحلیل کرتاہوں،اسمبلی کے ساتھ صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی ہے، آرٹیکل اے224 کی شق (4) کے تحت موجودہ وزیراعلیٰ نگران وزیراعلیٰ کی تقرری تک کام کریں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی پہلے ہی تحلیل کی جاچکی ہے جہاں نگران وزیراعلیٰ کے لیے بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔

#governerpk#khyberpakhtankhawa#PakTurkNews#peshawar