مریم نواز و زیراعلی پنجاب منتخب

لاہور(پاک ترک نیوز) مریم نواز وزیراعلی پنجاب منتخب ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئیں۔مریم نواز نے 220ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے نامزد کردہ رانا آفتاب نے کوئی ووٹ حاصل نہیں کیا ۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت جاری ہے، انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے اراکین کے بغیر ہی سیکرٹری کو کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس جاری ہوا جس میں رائے شماری کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی ۔
اس سے قبل سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے اجلاس شروع ہوا۔ ن لیگ نے مریم نواز اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رانا آفتاب احمد خان کو وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کیا تھا۔
آج مزید دو ارکان پنجاب اسمبلی سردار خضر حسین مزاری اور طاہر قیصرانی نے حلف اٹھا لیا۔ طاہر قیصرانی نے آئی پی پی اور سردار خضر مزاری نے مسلم لیگ ن کو جوائن کیا۔
رانا آفتاب نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنا چاہی مگر اسپیکر نے اجازت نہیں دی۔ ملک احمد نے کہا کہ آج کا اجلاس صرف وزیراعلیٰ کے چناؤ کے لیے ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے اراکین بولنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔
مریم نواز نے اپوزیشن کو منا کر ایوان میں واپس لانے کا کہا جس پر 6 لیگی رہنما اپوزیشن کو منانے پہنچ گئے۔ مریم نواز نے کہا کہ اسپیکر صاحب اپوزیشن کو بولنے کی اجازت دیدیں، آپ ہار ہیں یا جیت رہے ہیں مقابلہ کرنا جمہوریت کا حسن ہے۔
پنجاب اسمبلی کا ایوان اس وقت 327ارکان پر مشتمل ہے۔ ن لیگ کو 224 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے پاس 103 ارکان ہیں۔ قائد ایوان کے لئے 186 ارکان کی اکثریت حاصل کرنا ہوگی۔

#chiefminister#cmpunjab#maryamnawaz#PakTurkNews#pmln