قدرتی آفت انسان کے بس سے باہر ہے: وزیراعظم شہباز شریف

مظفر آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قدرتی آفت انسان کے بس سے باہر ہے، یہ اللہ کا نظام ہے اس کے آگے سر جھکانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔
مظفر آباد کے دورہ کے دوران آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور برفباری کے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت میں آزاد کشمیر کے 8 افراد شہید ہوئے، آج میں یہاں اظہار تعزیت اور افسوس کرنے آیا ہوں، اللہ مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب تک متاثرین گھروں میں آباد نہیں ہو جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، وفاق کی جانب سے جاں بحق والوں کے خاندانوں کو 20، 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 5 ،5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ آپ کے ساتھ کھڑی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت میں جن کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ان کو 7 اور جن کے مکانات جزوی تباہ ہوئے ان کو ساڑھے 3 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور برفباری کے متاثرین سے ملاقات کی اور ان میں امدادی چیک تقسیم کئے۔

#PakTurkNews#pmln#shahbazsharifmuzafarabad