لاہور (پاک ترک نیوز ) پاکستان تحریک انصاف آج چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال سے اظہار یکجہتی کیلئے صوبائی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز چیف جسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت آج شام ساڑھے پانچ بجے ملک بھر میں ایک گھنٹے کی ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ عمران خان خود لاہور میں ریلی کی قیادت کریں گے۔
یاد رہے کہ لاہور میں نکالی جانے والی ریلی عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک سے شروع ہو کر لکشمی چوک پر اختتام پذیر ہو گی۔
اس سے قبل گزشتہ رات ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں ریلیاں نکالیں گے، لاہور میں ریلی کی قیادت میں خود کروں گا، پورے ملک میں عوام ساڑھے 5 سے ساڑھے 6 کے درمیان باہر نکل کر اپنی یوسیز میں چیف جسٹس کیساتھ اظہاریکجہتی کریں۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے قوم سے اپیل کی کہ یہ ایک فیصلہ کن وقت ہے آپ کو نکلنا پڑے گا، سپریم کورٹ کےمطابق 14 مئی کو انتخاب ہونا ہے، حکومت عدالت کے فیصلے کو نہیں مان رہی، انہوں نے واضح کر دیا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ماننا، جس ملک میں حکومت عدالت کا فیصلہ نہ مانے وہاں بنیادی حقوق ختم ہو جاتے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے سب کو سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، آئین کو بچانا ہے،عوام باہر نکل کر پیغام دے کہ قوم چیف جسٹس کیساتھ کھڑی ہے، ہم نے ان کو پیغام دینا ہے کہ قوم کدھرکھڑی ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہماری لڑائی مافیاز کے ساتھ ہے، آخری گیند تک لڑنا ہے، کبھی پیسوں، کبھی بجٹ، کبھی انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے بہانے لگا رہے ہیں، آئین کے اندر واضح ہے 90 دن کے اندر الیکشن ہونے ہیں، نگران حکومتوں کی مدت ختم ہو چکی ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ مجھے بار بار طنز کرتے تھے اگر الیکشن چاہتے ہو تو اسمبلیاں تحلیل کر دو، اب آئین کی دھجیاں اڑانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، ہم صرف عدلیہ کی جانب دیکھ رہے ہیں، ہر روز ہمارے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، ہمارا جینا مرنا اسی ملک میں ہے، ہم ملک چھوڑ کر جانے والے لوگ نہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ریلی کے اعلان پر اسلام آباد پولیس نے اجازت نہ لینے پر کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔