ہاتائے (پاک ترک نیوز)
ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ملک کے جنوب مشرق میں آنے والے مہلک زلزلوں کے بعد 60 سے زیادہ ممالک ترکی کو امداد فراہم کر رہے ہیں۔جس پر ترک قوم انکا شکریہ ادا کرتی ہے۔
گزشتہ روز زلزلوں سے متاثرہ صوبہ ہاتائے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر اردوان نےبتایاکہ بہت سے ممالک ترکی کی مدد کے لیے مختلف قسم کی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ان میں آذربائیجان، سعودی عرب، قطر، کویت اور پاکستان سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔ اور وہ مزید مدد فراہم کرنے کے وعدے بھی کررہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ ترکیہ کو ان ممالک سے مالی امداد او ر سامان کی شکل میں امدادموصول ہو رہی ہے۔
صدر نے ترکی کے جنوب مشرق میں 10 صوبوں کو تباہ کرنے والے دو بڑے زلزلوں کے بعد قومی یکجہتی اور اتحاد کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور ساتھ ہی انہوں نے زلزلہ زدگان کے گھروں کی تعمیر نو کا عہد بھی کیا۔
اردوان نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ یکجہتی اور اتحاد کا دور ہے۔ ترک ریاست اور قوم کی حیثیت سے، ہم کندھے سے کندھا ملا کر اس بحران پر قابو پالیں گے۔