عوام اور فوج کے درمیان رشتے پر وار کرنیکی مذموم کوشش کو تحمل اور سمجھداری سے ناکام بنایا ، آرمی چیف

راولپنڈی (پاک ترک نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے عوام اور فوج کے درمیان رشتے پر وار کرنے کی کوشش کو تحمل اور سمجھداری سے ناکام بنایا۔
آرمی چیف سید عاصم منیر نے یوم دفاع کے موقع پر کہا کہ 6 ستمبر ہمیں اپنی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہردم تیا رہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ ایمان ، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ ہمارا طرہ امتیاز ہے، شہدا کی قربانیاں، غازیوں کے کارنامے ہمارے لیے قابل تقلید مثالیں ہیں، شہدا کے خون سے آزادی کے چراغ روشن ہوتے ہیں، شہدا کا تقدس اور احترام ہماری اہم ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور عوام کے مابین اعتماد و یگانگت ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، بعض عناصرنے عوام اورفوج کےمقدم رشتے پر وار کرنے کی مذموم کوشش کی، افواج پاکستان نے تحمل اورسمجھداری سے مذموم کوشش کو ناکام بنایا۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے جس جانفشانی سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اسکی مثال نہیں ملتی، پاک فوج عوام کی خواہشات اورامنگوں کا محور ہے، مضبوط معیشت مضبوط دفاع کے لیے ناگزیر ہے، باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

#armychief#asimmunir#pakturkenws#pakturknes#PakTurkNews#rawalpindi#rawalpnidin