کراچی(پاک ترک نیوز)
پاکستان بحریہ کے چھاتہ برداروں نے ترکی میں زلزلہ متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیےملک میںجاری کثیر القومی بحری مشق میں ترکی کا پرچم آسمان پر لہرادیا۔
بحیرہ عرب میں پاکستان کی زیر قیادت پانچ روزہ بحری مشق امن 2023 میں ترکی، امریکا اور چین سمیت 50 ممالک کی بحری افواج حصہ لے رہی ہیں۔ہر دو برس کے بعد منعقد ہونے والی ان بحری مشقوں کے انعقاد کا سلسلہ 2007سے جاری ہے۔ امسال گذشتہ جمعہ کے روز سے شروع ہونے والی مشقیں آج اختتام پزیر ہو رہی ہیں۔
ان مشقوں میںعلاقائی ممالک جیسے سعودی عرب، عمان، کویت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور انڈونیشیا کے ساتھ ساتھ افریقی یونین کے ممالک بحری جہاز، ہوائی جہاز، اسپیشل آپریشنز فورسز، میرین ٹیموں اور مبصرین کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔ترکیہ ملک میں آنے والے تباہ کن زلزلے کی وجہ سے اس سال مشق میں محدود سطح پر حصہ لے رہا ہے۔
مشقوں کی منتظم پاک بحریہ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ "امن کے لیے ایک ساتھ” کے نعرے کے تحت منعقد کی جانے والی بحری مشق کا مقصد سمندری تصورات اور آپریشنل تقاضوں کو سمجھنے، باہمی تعاون کو بڑھانے اور سمندر میں مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے طریقوں اور ذرائع کی نشاندہی کرنا ہے۔