اسلام آباد(پاک ترک نیوز) صدر مملکت عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے مابین عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہو گیا۔
ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024ء بروز جمعرات کرائے جائیں گے، الیکشن کمیشن کل 8 فروری کی تاریخ سے متعلق سپریم کورٹ کو آگاہ کرے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اعلامیہ میں الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں معزز ممبران الیکشن کمیشن نے صدر پاکستان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں صدر مملکت عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ الیکشن 8 فروری 2024ء بروز جمعرات منعقد ہوں گے۔