ترکیہ نے امریکہ کے ساتھ ایف۔16لڑاکا طیاروں کی خریداری معاہدہ محدود کر دیا

انقرہ(پاک ترک نیوز)
ترکیہ نے امریکہ سے ایف۔ 16 لڑاکا طیارے خریدنے اور اپنے موجودہ طیاروں کی جدید کاری کے 23 ارب ڈالر کے منصوبے کو صرف 40جدید ایف۔16بلاک ۔70وائپر طیاروں کی خریداری تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس بات کا اعلان ترکیہ کے وزیر دفاع یاسر گلر نے پچھلے دنوںپارلیمنٹ میں دئیے گئے بیان میں کیا۔ جس میں انہوں نے بتایا کہ ترکیہ نے موجودہ 79ایف۔16طیاروں کے لئے جدید کاری کٹس کی خریداری کے منصوبے کو ختم کر دیا ہے۔کیونکہ ترک ائروسپیس انڈسٹریز(ٹی اے آئی) نے یہ استعداد حاصل کر لی ہے کہ وہ ترک فضائیہ کے موجودہ ایف۔16طیاروں کے اپنے طور پر جدید بنا سکے ۔چنانچہ اس کے نتیجے میں خطیر زر مبادلہ بچایا جا سکے گا اور ساتھ ملکی صنعت کو دیگر ملکوں کے ایف۔16طیاروں کو جدید بنانے کی صلاحیت بھی حاصل ہو جائے گی ۔
ترک وزیر دفاع نے کہا کہ ایف۔16طیاروں کی جدید کاری کٹس کی خریداری کو ختم کرنے کے بعد اب امریکہ سے 40نئے ایف۔16طیاروں کی خریداری پر پہلے طے پانے والے 23ارب ڈالر کے معاہدے میں سے صرف 7ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔جس میں طیاروں کے علاوہ انکے لئے جدید اسلحہ بھی شامل ہے۔گلر نے یہ بھی کہا کہ اب ترکیہ ایف-35 پروگرام میں دوبارہ شامل ہونا اور 40 نئے F-35 جیٹ طیارے خریدنا چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ ترکیہ کے 2019 میں روسی میزائل ڈیفنس سسٹم کی خریداری پر امریکہ نے اسے پانچویں نسل کے ایف۔ 35 لڑاکا جیٹ پروگرام سے باہر کر دیا تھا۔ جس کے بعددونوں ملکوں کے مابین گفت و شنید کے بعد ترکیہ نےاکتوبر 2021میں اپنا ایف۔16طیاروں اور جدیدکاری کٹس کی خریداری کا آرڈر دیا تھا۔ترکیہ ایف۔ 16 لڑاکا طیاروںکے سب سے بڑے آپریٹرز میں سے ایک ہے۔ اس کا بیڑا 200 سے زیادہ پرانے بلاک 30، 40 اور 50 ماڈلز پر مشتمل ہے۔
مزید براںانقرہ یورو فائٹر ٹائفون لڑاکا طیارے خریدنے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے جسے جرمنی، برطانیہ، اٹلی اور اسپین کے کنسورشیم نے بنایا ہے۔جبکہ وہ یہ اپنا پانچویں نسل کا لڑاکا طیارہ کان بھی تیار کر رہا ہے۔

#Turkey_F-16_Deal