واشنگٹن(پاک ترک نیوز) امریکہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے جسے پاکستانی عوام نے منتخب کیا۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ آزادانہ تحقیقات کے لئے پاکستان کا قانونی نظام ہی پہلا مناسب قدم ہو گا، تحقیقات کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہو تو اس پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی، آئین کا احترام، آزاد صحافت، متحرک سول سوسائٹی کے احترام پر زور دیتے ہیں، سیاسی اور انتخابات سے متعلق تشدد، انٹرنیٹ، فون سروس پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں، ان اقدامات نے انتخابی عمل کو منفی طور پر متاثر کیا، مداخلت، دھاندلی کے دعوے پر پاکستانی قانونی نظام کے تحت مکمل تحقیقات کی جائیں۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ واضح طور پر ایک مسابقتی الیکشن تھا، لوگوں نے اپنی پسند کے حق کا استعمال کیا، بے ضابطگیوں کی تحقیقات کو دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ہم جمہوری عمل کا احترام بھی کرتے ہیں۔