ممبئی (پاک ترک نیوز) آئی سی سی ورلڈکپ 2023کے 39ویں میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو فتح کے لیے 292 رنز کا ہدف دے دیا۔
تفصیلات کےمطابق بھارتی شہر ممبئی کے وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے تاہم بعد میں ٹیم سنبھل گئی۔ اوپنر رحمان اللہ گربار 21 جبکہ رحمت شاہ 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان حشمت اللہ شاہدی 26، عظمت عمرزئی 22، محمد نبی 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ابراہیم زردان نے سب سے زیادہ 126 رنز اسکور کیے اور ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے پہلے افغان کھلاڑی بن گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھیں۔ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے فضل الحق فاروقی کی جگہ نوین الحق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ کنفرم کرنا چاہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ مچل مارش اور گلین میکسویل کی پلئینگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔