اسلام آباد(پاک ترک نیوز)
آذربائیجان نے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہووئے پاکستان کی معیشت کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں 3 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی منظوری دے دی ہے۔
اس بات کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے حالیہ اجلاس میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وسطی ایشیائی ریاست آذربائیجان نے 2 سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے جس سے پاکستان کی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔
وزیراعظم نے اپنے ریمارکس میں کابینہ کو یہ بھی بتایا کہ ان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے بعد ایک وفد ریاض روانہ ہوا تاکہ معیشت کے مختلف پیداواری شعبوں بشمول شمسی توانائی، کانوں اور معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
انہوں نے سعودی عرب اور خلیج میں آئی ٹی پروفیشنلز کی بڑھتی ہوئی مانگ کو اجاگر کیا جسے پاکستان کم سے کم کوشش کے ساتھ فراہم کر سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں ایک پریزنٹیشن دیں، جس میں ایک اعلیٰ ہنر مند آئی ٹی ورک فورس تیار کرنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی بھی شامل ہو جو بین الاقوامی معیار پر پورا اتر سکے۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ دستخط شدہ مفاہمت کی یادداشتوں پر عمل درآمد کے لیے تیزی سے کارروائی کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔