190 ملین پاؤنڈ سکینڈل سے سب سے زیادہ فیض حمید نے فائدہ اٹھایا، فیصل واوڈا

 

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے سابق رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ 190ملین پاؤنڈ سکینڈل سے سب سے زیادہ فائدہ سابق ڈی جی آئی آیس آئی فیض حمید نے اٹھایا۔
سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب میں پیشی کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فیض حمید نے س اسکینڈل سے بھرپور فائدہ اٹھایا، لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی باقیات سینیٹ میں بھی موجود ہیں، چاہے سیاستدان ہوں یا بیوروکریٹ احتساب سب کا ہوگا ، کرپشن کی پہلی سیڑھی میں نے قوم کے سامنے رکھ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس میں زلفی بخاری اور شہزاد اکبر کا نام آرہا ہے، لیکن ایک شخصیت کو سب بھول گئے ، جس نے اس اسکینڈل سے سب سے زیادہ فائدہ لیا، وہ ہیں سابق ڈی جی آئی آیس آئی فیض حمید۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ مجھے نیب کی جانب سے طلب کیا گیا، میں واحد وزیر تھا جس نے مخالفت کی تھی، میں نے کہا تھا کہ یہ نیب کیس بنے گا۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی دستاویز دینے کی ضرورت نہیں میں نے بیان ریکارڈ کروا دیا، اربوں روپے کا یکدم فائدہ اچانک نہیں ہوا یہ پلان شدہ تھا، میں نے پہلے کہا تھا فیض حمید عمران خان کو مائنس کر کے انکی جگہ لینا چاہتے ہیں، 9 مئی کو املاک کو نقصان پہنچانے اور فساد کا پلان بہت پہلے سے تیار ہو رہا تھا۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More