ہیلسنکی (پاک ترک نیوز)
فن لینڈ کی پولیس نے کہا ہے کہ وہ کسی کو بھی قرآن پاک کو جلانے کی اجازت نہیں دے گی۔کیونکہ ملک کے قوانین اس طرح کے عمل کی اجازت نہیں دیتے جن سے معاشرے میں مذہبی امن کی خلاف ورزی ہو۔
فن لینڈ کے میڈیا میں پیر کے روز پولیس کا یہ بیان ایک انتہائی دائیں بازو کے ڈنمارک کے سیاست دان کی جانب سے سٹاک ہوم اور کوپن ہیگن میں بالترتیب ترک سفارت خانے اور ایک مسجد کے باہر مسلمانوں کی مقدس کتاب کو نذر آتش کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
ترک صدارتی ترجمان ابراہیم قالن نے اس بیان کو سراہتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ ہم اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ دوسرے ممالک کے لیے ایک مثال قائم کرے گا ۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ بیرون ملک سے مخالفت کے باوجود فن لینڈ مذہب کے تقدس سے متعلق موجودہ قوانین کو برقرار رکھنے میں مضبوط رہا ہے۔ جس میں توہین مذہب کے جرم میں قید کی سزا کا امکان شامل ہے۔