اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
پاکستان بحریہ کے زیر اہتمام ہونے والی پانچ روزہ امن ۔ 23 فوجی مشقوں کا آغاز جمعہ کے روز سے ہوگا جن میں 50ملکوں کی بحری سپیشل فورسز کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان بحریہ کےجاری کردہ بیان کے مطابق امن۔23کے نام سے ہونے والی ان کثیر القومی فوجی مشقوں کی قیادت پاکستان کر رہا ہے اور یہ پانچ دن تک جاری رہیں گی۔امن۔23 فوجی مشقوں کا آٹھواںایڈیشن ہے ۔جن کا آغاز جمعے کو ہو گا جس میں بحری جہاز، ایئر کرافٹس کے ساتھ سپیشل آپریشن فورسز اور بحریہ کی ای او ڈی ٹیمیں شریک ہوں گی۔
پاکستانی فلیٹ کے کمانڈر اویس احمد بلگرامی نے کہا ہے کہ اس سال سعودی عرب کی سپیشل آپریشن فورسز کی ٹیم بھی مشقوں میں شرکت کر رہی ہے۔جبکہ کویت اور عمان کی ٹیمیں بھی مشقوں میں شریک ہوں گی۔کمانڈر پاکستان فلیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ مشق کا بنیادی مقصد تمام شریک ممالک کو ایک دوسرے کے بحری تصورات، مشترکہ آپریشنز اور سمندر میں درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے طریقے اور ذرائع سمجھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔اور یہ مشقیںبحری ممالک کے مابین امن ، دوستی، بہتر سیکیورٹی اور مشترکہ مفادات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
پاکستان بحریہ کے بیان کے مطابق پاک بحریہ کے زیرِ انتظام 2007 سے کثیرالقومی بحری مشقوں ” امن” کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اوریہ مشقیں ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہیں۔آٹھویں امن مشق کا انعقاد 10 سے 14 فروری تک کیا جا رہا ہے جس میں 50 سے زائد ممالک اپنے بحری اور فضائی جہازوں، سپیشل آپریشن فورسز/ میرینز کی ٹیموں اور مندوبین کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔
اگلی پوسٹ