لاہور(پاک ترک نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارش کے بعد گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے۔
رات گئے سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے زیر آب گئے، بیشتر علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
لاہور کے مختلف علاقے گارڈن ٹاؤن ،لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، گلبرگ، جیل روڈاور کاہنہ میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، چونگی امرسدھو، قینچی، تاجپورہ، والٹن، فیروز پور روڈ، ریلوے سٹیشن، شاہدرہ، اچھرہ میں بھی جم کر بادل برسے۔
سمن آباد، راج گڑھ، مغل پورہ، مصطفیٰ آباد، نیلا گنبد، کوئنز روڈ، شاد باغ، جلو پارک، محمود بوٹی، گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ سمیت دیگر مقامات پر بھی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔
اوکاڑہ، دیپالپور، ننکانہ صاحب، بہاولنگر، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، پتوکی، ساہیوال، کامونکی، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، نارووال اور پسرور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔
دوسری جانب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مشرقی ہواؤں سے بلوچستان میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا، صوبے کے مشرقی، شمالی اور وسطی اضلاع میں آج بارش ہوگی، ژوب، بارکھان، سبی، خضدار، قلات، لسبیلہ اور آواران میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 20 ستمبر تک جاری رہے گا، شدید بارشوں سے کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔