اسلام آباد (پاک ترک نیوز) بینکنگ کورٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں کو آج عدالتی وقت ختم ہونے سے قبل پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
عمران خان کے وکیل علی بخاری اسلا م آباد کی عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نےکہا کہ اسی عدالت میں عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کے کیس کی سماعت میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار آفاق احمد تو پیش ہی نہیں ہو رہا، عدم پیروی پر عمران خان کیخلاف درخواست خارج کی جائے، جس پر الیکشن کمیشن کے رکن کے پی نے کہا کہ آپ اپنے دلائل دیں، پھر اس معاملے کو دیکھیں گے۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کو عمران خان کیخلاف کارروائی سے روک چکی ہے، الیکشن کمیشن کے ممبر کے پی اکرام اللہ نے جواب دیا کہ حکم امتناع تو نااہلی کے ڈیکلریشن دینے کی حد تک لگ رہا ہے۔