خیبر پختونخوا اسمبلی آج تحلیل کردی جائے گی :وزیراعلیٰ محمود خان

 

پشاور(پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ کے پی اسمبلی آج تحلیل کردی جائے گی ۔
وزیراعلی کے پی محمود خان کا پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو حالات اس حکومت نے پیدا کر دیے ہیں عالمی سطح پر ان پر کوئی یقین کرنے کو تیار ہی نہیں ہے۔
محمود خان کا کہنا تھا متوسط طبقے کے لوگ مہنگائی سے پریشان ہیں اور وفاقی حکومت نے ہمارے فنڈز روک رکھے ہیں، فاٹا ملازمین کی تنخواہوں کے پیسے وفاقی حکومت کی جانب سے نہیں بھجوائے جا رہے، پتہ نہیں کون وفاقی حکومت کو مشورے دے رہا ہے، ہم اپنے فنڈز میں سے سابق فاٹا کے ملازمین کو تنخواہیں دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا گورنر خیبر پختونخوا تو کٹھ پتلی ہیں، آج کے پی اسمبلی کو تحلیل کر دیا جائے گا، اسمبلی توڑنے کی سمری جب گورنر کو بھیجوں گا تو سب صحافیوں کو بھی بھیجوں گا، ہم دوبارہ زیرو سے شروع کریں گے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More