وزیراعظم ،زرداری اور بلاو ل بھٹو کی اسلام آباد سیکٹر آئی 10خودکش دھماکے کی شدید مذمت

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف ،آصف زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کردی ،وزیراعظم شہباز شریف نے خودکش دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیر اعظم نے دھماکے میں زخمی ہونیوالوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا ہے، پوری قوم مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔
سابق صدر آصف زرداری نے اسلام آباد بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
دوسری جانب وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے خودکش دھماکے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور پولیس کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کیئے بغیر اپنا فریضہ ادا کیا ہے، شہید پولیس اہلکار کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More