کراچی (پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )نے میئر کراچی کے انتخاب میں جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میئر کراچی کے انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار کو سپورٹ کرے گی۔
پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی میئر کراچی کے انتخابی عمل میں پری پول رگنگ کر رہی ہے، منتخب بلدیاتی نمائندگان کو سندھ پولیس کے ذریعے اغواء کرایا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی 4 بار بلدیاتی انتخاب سے پیچھے بھاگی، اب عجلت میں میئر کا انتخاب کرانا چاہتی ہے، بلدیاتی نمائندگان کی حلف برداری سے پہلے ان کو اغواء کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی اس معاملے پر عدالت سے بھی رجوع کر چکی ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہےکہ میئر کا انتخاب شفاف طریقہ کار سے ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نہیں چاہتیں کہ عوامی مینڈیٹ قبول کیا جائے۔
پیپلز پارٹی کی قیادت نے میئر کراچی کے عہدے کیلئے مرتضیٰ وہاب کے نام کی منظوری دی ہے۔