بیجنگ (پاک ترک نیوز)
چین کی مسلح افواج نے تائیوان کے نائب صدر لائی چنگ ٹے کے پیراگوئے کے دورے پر جاتے ہوئے امریکہ میں اسٹاپ اوور کے جواب میں تائیوان کے گرد فضائی و سمندری جنگی مشقیں شروع کر دی ہیں۔
ہفتہ کے روز شروع ہونے والی ان مشقوں کا مقصد چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کی ایسٹرن کمانڈ کی طرف سےفضائی اور سمندری مقامات پر کنٹرول حاصل کرنا ہے جس میں جزیرے کے ارد گرد سمندری اور فضائی جنگی تیاری کے گشت شامل ہیں۔
پی ایل اے کمانڈ کے ترجمان شی یی نے کہا ہے کہ گشت اور مشقوں کا مقصد بحری جہازوں اور ہوائی جہازوں کی ہم آہنگی اور ان کی فضائی اور سمندری جگہوں پر قبضہ کرنے کی صلاحیت کو تربیت دینا ہے۔پی ایل اے ایسٹرن کمانڈ کے ترجمان نے کہا کہ مشق کے دوران چینی مسلح افواج کی "حقیقی جنگی حالات میں لڑنے کی صلاحیت کو آزمایا جائے گا”۔انہوں نے کہا کہ گشت اور مشقیں تائیوان کی آزادی علیحدگی پسندوں کی غیر ملکی عناصر کے ساتھ ملی بھگت اور ان کی اشتعال انگیزیوں کے لیے ایک سخت انتباہ کا کام کرتی ہیں۔
ادھرتائیوان کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے جزیرے کے ارد گرد کم از کم 42 چینی جیٹ طیاروں کا پتہ لگایا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 26 جیٹ طیاروں نے آبنائے تائیوان میں درمیانی لکیر کو عبور کیا جسے بیجنگ تسلیم نہیں کرتا۔
مزید برآں بیجنگ نے لائی کی طرف سےامریکہ یاترا کی شدید مذمت کی تھی اور اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے زبردست اقدامات کرنے کےعزم کا اعلان کیا تھا۔ وزیر خارجہ وانگ وین بن نے چین کی جانب سےمزید کہا تھا کہ نام نہاد "اسٹاپ اوور” کا بندوبست کرنے کے واشنگٹن کے فیصلے نے "تائیوان کی آزادی” کے لیے علیحدگی پسند قوتوں کو سنگین طور پر غلط اشارے بھیجے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ تائیوان کا سوال چین کے بنیادی مفادات کے بالکل دل میں واقع ہے۔ اور یہ چین-امریکہ تعلقات کی سیاسی بنیادمیں پہلی سرخ لکیر ہے جسے عبور نہیں کیا جانا چاہیے۔وانگ نے کہا کہ امریکہ چین کو کنٹرول کرنے کے لیے تائیوان کے جزیرے کو استعمال کرنے کی ضد کے ساتھ اپنی حکمت عملی پرگامزن ہے۔ اور ون چائنا کے اصول کو کھوکھلا کرنا جاری رکھے ہوئے ہے۔جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔