لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) پیپلزپارٹی (پی پی ) کیساتھ مل کرمرکز میں حکومت بنالے،مسلم لیگ ن کو کانٹوں کاتاج سجانے کا کوئی شوق نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس ) پر رہنما مسلم لیگ (ن) سعد رفیق نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ موجودہ قومی اسمبلی میں کسی کو قطعی اکثریت حاصل نہیں، وفاقی حکومت کی تشکیل مسلم لیگ (ن) کی نہیں پارلیمان میں موجود تمام جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد اراکین پہل کریں، پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر مرکزی حکومت بنالیں، ہم مبارکباد پیش کریں گے، مسلم لیگ (ن) کو کانٹوں کا یہ تاج اپنے سر پر سجانے کا کوئی شوق نہیں۔
مسلم لیگ (ن) کےدو اہم رہنماؤں نے مرکز میں حکومت بنانے کے لیے اپنی پارٹی کی کوششوں کی اعلانیہ طور پر مخالفت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پارٹی اس ’کانٹوں بھرے تاج‘ کو اپنے سر پر سجانے کی کوئی خواہش نہیں رکھتی۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا تھا کہ خدا کرے ن لیگ فیصلہ کر لے کہ جس کو اکثریت دلائی گئی اسی کو حکومت بنانے کا موقع دیا جائے۔