لاہور(پاک ترک نیوز) وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ اور اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز میں اتفاق رائے کی ناکامی کے بعد پارلیمانی کمیٹی نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے لئے آج سے کام شروع کرے گی۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گزشتہ رات وزیر اعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق رائے کی ناکامی کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دیا تھا، گورنر پنجاب کی جانب سے گزشتہ رات پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کیلئے سپیکر کو مراسلہ ارسال کیا گیا تھا۔
حکومتی اتحاد نے میاں اسلم اقبال، راجہ بشارت اور ہاشم جواں بخت کے نام پارلیمانی کمیٹی کے لئے سپیکر کو بھجوا دیے تھے، اپوزیشن اتحاد بھی پارلیمانی کمیٹی کیلئے3 نام دے گا۔
پارلیمانی کمیٹی کے پاس اتفاق رائے کیلئے 3 دن کی آئینی مدت ہوگی، پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق رائے کی ناکامی پر معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جائے گا۔