انقرہ (پاک ترک نیوز) ترکیہ میں آنیوالے ہولناک زلزلے کے آٹھ روزگزرجانے کے باوجود بھی معجزاتی طور پر ملبے سے زندہ افراد کے نکلنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ آذربائیجان کے ریسکیو اہلکاروں نے 180گھنٹے گزرنے کے بعد بھی دو افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا ۔
ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 37ہزار سے تجاوز کر چکی ہے ۔
زلزلے سے ترکیہ میں 31 ہزار 643 اور شام میں 5 ہزار 700 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 37 ہزار 346 ہوگئی، سیکڑوں منہدم عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز ترکیہ کے شہر قہرامان ماراش میں 183 گھنٹوں بعد 10 سالہ بچی اور صوبہ حاطے میں 182 گھنٹے بعد 12 سالہ بچے کو ملبے سے زندہ نکالا گیا۔