لندن (پاک ترک نیوز)
یورپی ملٹی نیشنل ایرو اسپیس فرم اور ہوائی جہاز بنانے والی کمپنی ایئربس نے اعلان کیا کہ وہ برطانیہ میں اپنی فیکٹری میں ہائیڈروجن ٹیکنالوجی تیار کرے گی۔
فرم نےگذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلٹن، برسٹل میں زیرو ایمیشن ڈیولپمنٹ سنٹر (زی ای ڈی سی) کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا مقصد 2035 تک مسابقتی لاگت کاحامل کرائیوجینک فیول سسٹم تیار کرنا ہے۔
ایئربس کی فلٹن سہولت کی سرگرمیوں میں ایئربس ہوائی جہاز کے پروں، ایندھن کے نظام، اور لینڈنگ گیئرز کے لیے ڈیزائن، انجینئرنگ اور سپورٹ شامل ہیں۔ اور یہاں 3,000 لوگ کام کرتے ہیں۔
برطانیہ کی حکومت نے 29 مارچ کو ایرو اسپیس ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کو اگلے تین سالوں میں863.8 ملین ڈالر کی فنڈنگ کی ضمانت دینے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ برطانیہ کے ایرو اسپیس سیکٹر کے لیے تحقیق فراہم کرتا ہے، تاکہ صفر کاربن کی ترقی میں مدد مل سکے۔ اور انتہائی کم اخراج والے ہوائی جہاز کی ٹیکنالوجیزکی تیاری کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ ایئربس نے ستمبر 2020 میں "زیروئی” کے نام سے تین مائع ہائیڈروجن ایندھن والے تصوراتی طیارے کی نقاب کشائی کی تھی جو 2035 تک پہلا تجارتی صفر اخراج والا ہوائی جہاز بن سکتا ہے۔