اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سینئر صحافی ارشد شریف کی میت آج رات اسلام آباد پہنچے گی ۔سینئر صحافی کی میت نیروبی سے دوحہ پہنچا دی گئی ہے،ارشد شریف کی میت رات ایک بجکر 5 منٹ پر اسلام آباد ائیر پورٹ پر پہنچا دی جائے گی۔
مرحوم کی بیوہ جویریہ صدیق کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کی تدفین جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں کی جائے گی۔
دوسری جانب کینیا میں پاکستانی ہائی کمشنر سیدہ ثقلین نے بتایا تھا کہ صحافی ارشد شریف کی نعش کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے، پوسٹ مارٹم کے تحت ارشد شریف کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی۔
انہوں نے کینیا کی حکومت سے درخواست کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ واضح رہے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کو کینیا کے دارلحکومت نیروبی میں گولی مار کر قتل کردیا گیا ہے۔