استنبول مذاکرات : یوکرین روس سے جنگ بندی کا مطالبہ کرنے کیلئے تیار

کیف(پاک ترک نیوز)
ترکی کے تاریخی شہر استبول میں اس دہائی کے سب سے بڑے عالمی بحران کے حل کیلئے مذاکرات کا آغاز آج ہوگا۔یہ مذاکرات عثمانی خلفا کی سکونت گاہ ڈولما باچے محل میں ہوں گے۔
ان مذاکرات کے حوالے سے یوکرین کی جانب سے کہاگیا ہے کہ بات چیت کے دوران اسکے مذاکراتکار روس سے جنگ بندی ، انسانی مسائل کے حل اور جامع امن معاہدے کا مطالبہ کریں گے۔
یوکرین کے وزیر خارجہ دمتری کولیبا نے ان مذاکرات کے حوالے سے مقامی نیوز چینل کو بتایا کہ صدر زیلنسکی کی ہدایات کے مطابق یوکرینی عوام اور ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انکا کہنا تھا کہ ماسکو کی جانب سے طلب کی گئی سیکیورٹی ضمانتیں یوکرین میں ریفرنڈم کے بعد دی جائیں گی۔
وزیر خارجہ کولیبا نے کہاکہ ترکی میں ہونے والے مذاکرات میں ریفرنڈم کے انعقاد کے معاملے پر بات چیت نہیں کی جائے گی کیوں کہ یہ یوکرین کا اندرونی معاملہ ہے۔
ترک وزارت خارجہ کے مطابق میڈیا کو ان مذاکرات کی کوریج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
روسی مذاکرات کار ایک نجی طیارے کے ذریعے استنبول کے اتاترک ہوائی اڈے پر پہنچے جبکہ یوکرینی وفد آج پہنچے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More