استنبول(پاک ترک نیوز)
استنبول شہر کے ایشیائی حصے میں کیم لیکا پہاڑ کی چوٹی پر تعمیر کرد ہ جامع مسجد کیم لیکا ، جس میں اسلامی تہذیبوں کا عجائب گھر ہے، تین سال قبل اپنے افتتاح کے بعد سے اب تک 25 ملین افراد کی میزبانی کر چکا ہے۔
جامع مسجد کیم لیکا ایک عظیم الشان عبادت گاہ ہونے کے علاوہ، سب سے جدید کمپلیکس ہے جس میں آرٹ گیلری، لائبریری، کانفرنس ہال، آرٹ ورکشاپ اور اسلامی تہذیبوں کانیا شروع کیاگیامیوزیم شامل ہیں۔
اس عظیم الشان مسجد سے ملحقہ عجائب گھر اور دیگر سہولتوں کو متعارف کر وانے کا آئیڈیا ترک صدر رجب طیب اردگان کا ہے۔ جنہوں نے اس کا سنگ بنیاد 7 اگست 2013 کو رکھا تھا۔ استنبول کی مشہور کیملیکا ہل پر رکھی گئی تھی، اس میں عثمانی اور سلجوک فن تعمیر کا امتزاج ہے، اور یہ استنبول کے ایشیائی کنارے پر واقع ہے۔
مسجد کے میناروں میں سے چار 107.1 میٹر بلند ہیں، جو 1071 میں بازنطینی فوج کے خلاف مشرقی ترکی کے ملازگرت (منزیکرت) میں سلجوق ترکوں کی فتح کا اعتراف ہے جس نے اناطولیہ کو ترک آبادکاری کے لیے کھول دیاتھا۔
مرکزی گنبد زمین سے 72 میٹر اوپر لٹکا ہوا ہے، جو شہر میں رہنے والی 72 اقوام کی نمائندگی کرتا ہے۔ دوسرے گنبد کا قطر 34 میٹر ہے –اور یہ استنبول کا سرکاری لائسنس نمبربھی ہے۔
اس کا مرکزی دروازہ جس کا وزن 6 ٹن ہے، 6.5 میٹر تک اونچا ہے اور اس کی چوڑائی 5 میٹر ہے ۔اور یہ دنیا بھر میں سب سے بڑے دروازوں میں سے ایک ہے۔
یہاں آٹھ آرٹ ورکشاپس ہیں، 3,500 مربع میٹر کی ایک آرٹ گیلری، 3,000 مربع میٹر کی لائبریری ہے، ایک کانفرنس ہال جس میں 1,071 نشستوں کی گنجائش ہے، اور مسجد احاطے میں 3,500 گاڑیوں کے لیے ایک انڈور پارکنگ ہے۔