اسرائیلی مظالم: مقبوضہ فلسطین سے 1550 فلسطینی گرفتار

اسرائیلی پولیس نے حالیہ دو ہفتوں میں 1550 عرب اسرائیلیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاریاں اسرائیل کے غزہ پر حملوں کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران کی گئیں۔ پولیس اب تک 150 احتجاجی مظاہرین کے خلاف عدالتوں میں مقدمات درج کروا چکی ہے۔
اسرائیل کے علاقوں میں رہنے والے عرب باشندوں کو مشرقی یروشلم اور غزہ پر حملوں کے خلاف احتجاج میں شامل ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ اسرائیلی پولیس نے انتہاپسند یہودیوں اور پولیس پر حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے ہزاروں فلسطینی مسلمانوں کو جیل بھیج دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حالیہ تشدد میں حصہ لینے والے کئی دیگر فلسطینی اور عرب مسلمانوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے اور انہیں ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی ایک عدالت نے مشرقی یروشلم کی فلسطینی مسلمان بستی شیخ جراح سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کا حکم جاری کیا جس کے بعد فلسطینیوں نے احتجاج کیا جس پر اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ پر حملہ کر دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر بمباری شروع کر دی
اسرائیلی جارحیت سے 250 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے جن میں 66 بچے اور 35 خواتین بھی شامل ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More