کابل(پاک ترک نیوز) طالبان حکومت نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ کے افغان اثاثوں کی بحالی کے مطالبے پر عمل کرے ۔
ترجمان طالبان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے مطالبے کو پورا کرتے ہوئے امریکا انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے منجمد افغان فنڈز کو فوری طور پر بحال کرے۔
ٹوئٹر پر ذبیح اللہ مجاہد نے مزید لکھا کہ امریکا کو عالمی آواز کا مثبت جواب دینا چاہیے اور افغانستان کے فنڈز جاری کردینے چاہئیں تاکہ انسانی بحران کے شکار ملک اپنے عوام کو سہولیات اور آسانی فراہم کرسکے۔
ترجمان طالبان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان میں رونما ہونے والے ڈراؤنے خواب کو روکنے کے لیے منجمد فنڈز بحالی میں پہل کرے۔
گزشتہ برس اگست میں طالبان نے افغانستان کا اقتدار سنبھالا تھا جس کے بعد امریکا نے افغان مرکزی بینک کے تقریباً 9 ارب 50 کروڑ ڈالر کے اثاثے منجمد کردیئے جب کہ کئی مغربی ممالک، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے بھی فنڈز اور ترقیاتی سرگرمیاں معطل کر دیں۔
عالمی فنڈز منجمد ہونے اور معاشی سرگرمیاں نہ ہونے کے باعث افغانستان میں بھوک و افلاس نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں۔ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری جیسے عفریت پر قابو پانے کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے جس کے لیے طالبان حکومت اور اقوام متحدہ کئی بار عالمی برادری کو خبردار کرچکے ہیں۔
سابقہ پوسٹ