بیجنگ(پاک ترک نیوز) چینی وزارت خارجہ نے امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر امریکی سفیر کو طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے سپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر امریکی سفیر کے سامنے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔
چینی نائب وزیر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکی اقدام پر چین خاموش نہیں رہے گا، امریکی اقدام انتہائی جارحانہ نوعیت کا ہے۔
واضح رہے کہ چین نے امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کو چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے دورہ کرنے سے باز رہنے کی وارننگ دی تھی۔
چین کے انتباہ کے باوجود امریکی سپیکر گزشتہ رات تائیوان کے دورے پر پہنچیں، امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی 25 سال میں تائیوان کا دورہ کرنے والی پہلی اعلیٰ سطح کی امریکی شخصیت ہیں۔