ریاض (پاک ترک نیوز)سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نےاعلان کیا ہے کہ28 شعبان 31 مارچ 2022 تک اعتمرنا اور توکلنا ایپ کے ذریعے عمرہ کے اجازت نامے جاری کرائے جاسکتے ہیں۔ یہ عمرہ اجازت نامے ایپ ہولڈر اور ان کے مرافقین کے لیے جاری ہوں گے۔
سعودی میڈیا کے مطابق عمرہ اجازت نامے کے اجرا کا آخری دن 31 مارچ 2022 ہے۔ رمضان المبارک سے دو دن قبل تک اجازت نامے جاری ہوں گے۔
اعتمرنا اور توکلنا ایپس میں بکنگ پیج پر دیکھا جا سکتا ہے کہ مارچ میں ہر روز آسانی سے عمرہ اجازت نامہ مل سکتا ہے۔ مارچ کے تمام ایام گرین ہیں البتہ ہر ہفتے جمعے کا دن اس سے مستثنی ہے۔ جس پر سرخ رنگ نظر آرہا ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ ماہ مارچ میں ہر جمعے کو اجازت نامے طلب کرنے والوں کا رش ہے۔چنانچہ عمرہ اجازت نامے کے وقت اور تاریخ کا انتخاب سوچ سمجھ کر کیا جائے۔مزید براں عمرہ اجازت نامہ مقررہ وقت سے چار گھنٹے قبل تک منسوخ کیا جاسکتا ہے اور اسی وقت دوسرا اجازت نامہ جاری کرایا جاسکتا ہے۔
بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے حوالے سےسعودی وزارت حج نے کہا ہےکہ اجازت نامے کے اجرا کے لیے کورونا ویکسین کی تمام خوراکیں لینا ضروری ہیں۔علاوہ ازیں مقیم پلیٹ فارم پر ویکسین کا اندراج اور سعودی عرب آتے وقت پی سی آر ٹی سرٹیفکیٹ پیش کرنا بھی ضروری ہے۔