آئندہ برس 5انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی

لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ برس کی کرکٹ تفصیلات جاری کردیں ۔ تفصیلات کے مطابق 5انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی ۔ پانچ غیر ملکی ویمنز ٹیمیں بھی پاکستا ن آئیں گی۔
تفصیلات کے مطابق مئی 2022 سے مئی 2023 تک پانچ مینز اور پانچ ویمنز غیرملکی کرکٹ ٹیمیں پاکستان کا دور ہ کریں گی۔قومی مینز کرکٹ ٹیم 7 ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 25 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل یہ 7 ٹیسٹ میچز میں سے 2 سری لنکا، 3 انگلینڈ اور 2 نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل 12 ون ڈے انٹرنیشنل میچز ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈزکے خلاف کھیلے جائیں گے۔اس عرصہ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی مینز ٹی ئنٹی ورلڈکپ میں بھی شرکت کرے گی۔
ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں ان دو ایونٹس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ 12 ماہ میں انگلینڈ کے خلاف 7، ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 اور نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔
نیوزی لینڈکی ٹیم اپریل 2023 میں دورہ پاکستان میں پانچ ون ڈےانٹرنیشنل سمیت پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔
دوسری جانب، قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو بھی آئندہ 12 ماہ میں چیلنجنگ کرکٹ کھیلنے کو ملے گی جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا۔
اس دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں 8 انٹرنیشنل سیریزکھیلے گی جن میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمزاور اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ بھی شامل ہیں۔
سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے مئی میں پاکستان آئے گی جبکہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ستمبر میں چین روانہ ہوگی، جہاں وہ ایشین گیمز میں شرکت کرے گی۔ پھر اکتوبر نومبر میں آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More