جنیوا (پاک ترک نیوز) — دنیا بھر میں ہر سات میں سے چھ افراد عدم تحفظ کےاحساس سے دوچار ہونے کے ساتھ ہر ملک میں لوگوں کا تحفظ کا احساس کم ہو رہاہے ۔ یہاں تک کہ ایسے ممالک کے شہریوں میں بھی عدم تحفظ کا احساس تین گنا بڑھ گیا ہے جہاں زندگی کی بہترین سہولیتں دستیاب ہیں۔
یہ حقائق اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کی منگل کے روز شائع ہونے والی نئی رپورٹ "انسانی سلامتی اور احساس تحفظ کو درپیش نئے خطرات” میں سامنے لائے گئے ہیں۔رپورٹ کے مصنفین کے سربراہ اور یو این ڈی پی کے ایڈمنسٹریٹر اچم سٹینر کا کہنا ہے کہ عالمی دولت پہلے سے کہیں زیادہ ہونے کے باوجود، لوگوں کی اکثریت خود کو مستقبل کے بارے میں خوفزدہ محسوس کر رہی ہے اور یہ احساس ممکنہ طور پر وبائی امراض کی وجہ سے مزید بڑھ گیا ہے۔اور موجودہ حالات نئے خطرات سے نمٹنے کے لئے سرحدوں کے پار زیادہ یکجہتی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
یو این ڈی پی اپنی رپورٹ میں ترقی کے لیے ایک نئے نقطہ نظر کی بھی وکالت کرتا ہے جس سے امید ہے کہ لوگوں کو ضرورت، خوف، اضطراب اور بے عزتی سے آزاد زندگی گزارنے میں مدد ملے گی۔چنانچہ لوگوں کی سلامتی کا اندازہ صرف علاقائی سلامتی کو دیکھ کر کیا جانا چاہیے، اور محفوظ زندگی گزارنے کے لیے ان کی بنیادی ضروریات، وقار اور حفاظت کو مدنظر رکھنا چاہیے۔
یو این ڈی پی کا خیال ہے کہ اب عمل کرنے کی ضرورت پہلے سے بڑھ چکی ہے۔ اور مسلسل دوسرے سال، وبائی مرض نے پیدائش کے وقت عالمی متوقع عمر کے ساتھ ساتھ مجموعی انسانی ترقی کے دیگر اقدامات کو بھی کم کر دیا ہے۔جبکہ موسمیاتی تبدیلی رواں صدی کے دوسرے حصے میں دنیا بھر میں موت کی سب سے بڑی وجہ بن سکتی ہے
رپورٹ میں دیگر خطرات کی نشاندہی کرتے ہو کہا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں بشمول ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، بڑھتی ہوئی عدم مساوات، تنازعات، اور وبائی امراض جیسے نئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دنیا بھر میں صحت کے نظام کی صلاحیت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ چنانچہ ان خطرات سے نمٹنے کے لیے پالیسی سازوں کویکجا ہو کر ایسا لائحہ عمل تیار کرنا ہو گا تاکہ مستقبل میں انسانی سلامتی، زمین کا تحفظ اور انسانی ترقی، سب مل کرآگے بڑھ سکیں۔
رپورٹ میں ایک نیا انڈیکس شامل کیا گیا ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ 1995 اور 2017 کے درمیان، کم اور بہت زیادہ انسانی ترقی والے ممالک کے درمیان صحت کی دیکھ بھال کی کارکردگی میں عدم مساوات مزید بڑھ گئی ہے۔