تہران (پاک ترک نیوز)
ایران نےخلا میں سٹیلائٹ لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے ایک نئے راکٹ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔جو 80کلوگرام تک وزنی سیٹلائٹ کو 500کلومیٹر تک خلا میں پہنچا سکتا ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کی پیر کے روز جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ کے روز لانچ کیے جانے والے اس راکٹ کا نام ’گائم 100‘ ہے۔
پاسدران انقلاب کے ایرو سپیس ڈویژن کے کمانڈر جنرل عامر علی نے کہاہے کہ اس نئے راکٹ کی مدد سے جلد ہی ’ناہید‘ نام کے ایک نئے سٹیلائٹ کو مدار میں بھیجا جائے گا۔
ایران کا کہنا ہے کہ اس کے ایٹمی پروگرام کی طرح اس کے سٹیلائٹ پروگرام کا مقصد بھی سائنسی تحقیق کے لیے ہے۔ تاہم امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کو اس پر شک ہے کیونکہ اسی ٹیکنالوجی سے دور تک مار کرنے والے میزائل بھی تیار کیے جا سکتے ہیں۔