ایسی سیاست ہی کرنی ہے تو پھر الیکشن نہیں نیلامی ہونی چاہیے،فواد چودھری

لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ایسی سیاست ہی کرنی ہے تو پھر الیکشن نہیں نیلامی ہونی چاہیے۔کل الیکشن نہیں نیلامی ہوئی، آئین کو ملیا میٹ کردیا گیا، ملک زرداری سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ چودھری شجاعت بیمار ہیں ان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت محدود ہے، عوام بھر پور احتجاج کیلئے تیا ر ہیں۔ڈپٹی سپیکر نے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا، سیاسی اخلاقیات کا جنازہ نکالا، آئین کو پامال کیا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پوراملک سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے، دیوالیہ پن صرف معیشت کا نہیں سیاست کا بھی ہے، عوام بھرپور احتجاج کیلئے تیار ہیں۔معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ چکا ہے، پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب آچکا ہے، ملک زرداری سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
سابق وزیر اطلاعات نے اس موقع پر سوال اٹھایا کہ چودھری شجاعت کا خط ڈپٹی سپیکر کی جیب سے کیسے نکل آیا ؟ سپریم کورٹ کو ڈپٹی سپیکر کو توہین عدالت میں طلب کرنا چاہیے، چودھری شجاعت سے خط پر انگوٹھا لگوایا گیا، چودھری شجاعت کہتے ہیں عمران خان کا امیدوار نہیں ہونا چاہیے، ہمارےخدشات درست ثابت ہوئے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More