اسلام آباد (پاک ترک نیوز) ای ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو جون تک گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ایف اے ٹی ایف کا اجلاس پیرس میں ہوا جس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو منی لانڈرنگ میبں ملوث افراد کو سزائیں دلوانا ہوں گی ۔
تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کی عملدرآمد رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، پاکستان نے 27 میں سے 26 اہداف حاصل کرلیے۔ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو 2021 جون کے ایکشن پلان کی تکمیل کیلئے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ، ٹیرر فنانسنگ کیخلاف مؤثر قانون سازی کی اور اس سلسلے میں بہتری کا مظاہرہ کیا۔ اقوام متحدہ کے نامزد دہشت گرد گروپوں اور افراد کے خلاف سخت پابندیاں بھی عائد کیں۔ منی لانڈرنگ سے متعلق پیچیدہ تحقیقات اور پراسیکیوشن کے حوالے سے صرف ایک اور نقطے پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔
ایف اے ٹی ایف کے اقدامات پر وزارت خزانہ نے بھی اعلامیہ جاری کر دیا۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔ پاکستان ایکشن پلان کی باقی شق پر بھی عمل درآمد کرے گا۔ ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے پر عزم ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے جون 2021 کے ایکشن پلان پر بروقت اقدام کئے، بروقت ایکشن پلان کے اہداف حاصل کریں گے، پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے اہداف پورے گا۔